*ماہنامہ فیضانِ مدینہ ستمبر 2022*
ایمان سے مراد تمام ضروریاتِ دین کا سچے دل سے اقرار کرنا ہے۔ اور ایمان کا دار و مدار اس بات پر ہے کہ حضور جانِ جاناں صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو اپنا سردار اور حاکم مانا جائے اور خود کو ان کا ادنیٰ غلام تصور کیا جائے۔
ایمان کے دنیا و آخرت میں فوائد ہی فوائد ہیں اور یہ ایمان ہی ہے جو انسان کو دائمی عذاب سے بچا لیتا ہے۔ اب جو انسان صدق ِدل سے اللہ ربُّ العزّت اور حضور نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر ایمان لائے اور ضروریاتِ دین کا اقرار کرے، تمام زندگی اللہ پاک کے فرمان اور مزاج ِمصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مطابق گزارے اور شریعت کی حدود سے تجاوز کرنے والا نہ ہو اس کے لئے قراٰنِ عظیم میں بے شمار بشارتیں ہیں:
*(1 ) ... اللہ ان سے راضی وہ اللہ سے راضی:*
*ترجَمۂ کنزُ العرفان :*
تم ایسے لوگوں کو نہیں پاؤ گے جو اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتے ہوں کہ وہ ان لوگوں سے دوستی کریں جنہوں نے اللہ اور اس کے رسول سے مخالفت کی اگرچہ وہ ان کے باپ یا ان کے بیٹے یا ان کے بھائی یا ان کے خاندان والے ہوں۔ یہ وہ لوگ ہیں جن کے دلوں میں اللہ نے ایمان نقش فرما دیا اور اپنی طرف کی روح سے ان کی مدد کی اور وہ انہیں اُن باغوں میں داخل فرمائے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں ان میں ہمیشہ رہیں گے، اللہ ان سے راضی ہوا اور وہ اللہ سے راضی ہوئے۔
📖 القران، المجادلۃ: 22
*(2 ) ... بلند درجات کی بشارت :*
ترجَمۂ کنزُالعرفان :
*اور جو اس کے حضور ایمان والا ہو کر آئے گا کہ اس نے نیک اعمال کئے ہوں گے تو ان کے لئے بلند درجات ہیں۔*
📖 القران، طٰہٰ: 75
*(3) ... جَنّٰتٌ تَجْرِیْ مِنْ تَحْتِهَا الْاَنْهٰرُ:*
اللہ پاک نے ایمان والوں کے بارے میں خبر دیتے ہوئے فرمایا:
*ترجَمۂ کنزُ العرفان :*
*جس دن تم مومن مردوں اور ایمان والی عورتوں کو دیکھو گے کہ ان کا نور ان کے آگے اور ان کی دائیں جانب دوڑ رہا ہے (فرمایا جائے گا کہ) آج تمہاری سب سے زیادہ خوشی کی بات وہ جنتیں ہیں جن کے نیچے نہریں بہتی ہیں تم ان میں ہمیشہ رہو، یہی بڑی کامیابی ہے۔*
📖 القران، الحدید: 12
*(4) ... باعمل ایمان والوں کی قدر :*
ترجَمۂ کنزُالعرفان :
*جو نیک اعمال کرے اور وہ ایمان والا ہو تو اس کی کوشش کی بے قدری نہیں ہو گی اور ہم اسے لکھنے والے ہیں۔*
📖 القران، الانبیآء: 94
اس آیت میں بندوں کو اللہ پاک کی اطاعت کرنے پر مضبوطی سے عمل پیرا ہونے کی ترغیب دی گئی ہے۔ مزید یہ کہ اس آیت سے معلوم ہوا کہ اعمال کی قبولیت کا دار و مدار ایمان پر ہے۔ اگر ایمان نہیں تو کچھ بھی نہیں۔
📖 صراط الجنان، 6 / 372 ماخوذاً
*(5) ... زیادتی و کمی کے خوف سے بری :*
جو کوئی ایمان کی حالت میں اعمالِ صالحہ کرے تو اسے اس بات کا خوف نہ ہوگا کہ وعدے کے مطابق وہ جس ثواب کا مستحق تھا وہ اسے نہ ملے گی۔
*ترجَمۂ کنزُالعرفان :*
*جو کوئی اسلام کی حالت میں کچھ نیک اعمال کرے تو اسے نہ زیادتی کا خوف ہوگا اور نہ کمی کا۔*
📖 القران، طٰہٰ: 112`
*(6 ) ... فردوس کی میراث :*
قراٰن میں اہل ایمان کی اچھی خصلتوں کا ذکر کرکے ان کو اپنانے والوں کے لئے یہ بشارت دی گئی:
*ترجَمۂ کنزُالعرفان :*
*یہی لوگ وارث ہیں۔ یہ فردوس کی میراث پائیں گے، وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے۔*
📖 القران، المؤمنون: 10-11
*(7 ) ... رب کی رحمت :*
اپنے معاملات میں اللہ اور رسول صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے احکام کی اطاعت کرنے والے ہی ربِّ کریم کی رحمت کے حقدار ہیں۔
ترجَمۂ کنزُالعرفان :
*اور اللہ اور اس کے رسول کا حکم مانتے ہیں۔ یہ وہ ہیں جن پر عنقریب اللہ رحم فرمائے گا۔ بیشک اللہ غالب حکمت والا ہے۔*
📖 القران، التوبہ : 71
*(8، 9) ... مغفرت اور عزت والا رزق:*
کامل ایمان والے اللہ پاک پر بھروسہ رکھتے، اس کی یاد کے لئے نماز ادا کرتے اور اس کی راہ میں خرچ کرتے ہیں ایسے لوگوں کے لئے فرمایا:
*ترجَمۂ کنزُالعرفان :*
*اور جب ان پر اس کی آیات کی تلاوت کی جاتی ہے تو ان کے ایمان میں اضافہ ہو جاتا ہے اور وہ اپنے رب پر ہی بھروسہ کرتے ہیں وہ جو نماز قائم رکھتے ہیں اور ہمارے دیئے ہوئے رزق میں سے ہماری راہ میں خرچ کرتے ہیں یہی سچے مسلمان ہیں، ان کےلیے ان کے رب کے پاس درجات اور مغفرت اور عزت والا رزق ہے۔*
📖 القران، الانفال: 2 تا 4
*(10) ... فلاح و کامرانی :*
ترجَمۂ کنزُالعرفان:
*تو وہ لوگ جو اس نبی پر ایمان لائیں اور اس کی تعظیم کریں اور اس کی مدد کریں اور اس نور کی پیروی کریں جو اس کے ساتھ نازل کیا گیا تو وہی لوگ فلاح پانے والے ہیں۔*
📖 القران، الاعراف: 157
اس آیت میں رسول سے سرکارِ دو عالم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم مراد ہیں۔
📖 صراط الجنان، 3 / 446
قراٰنِ کریم ایمان والوں کیلئے ہدایت ہے۔ اللہ پاک فرماتا ہے:
ترجَمۂ کنزُالعرفان:
*وہ بلند رتبہ کتاب جس میں کسی شک کی گنجائش نہیں۔ اس میں ڈرنے والوں کے لئے ہدایت ہے۔*
📖 القران البقرۃ : 2
اور اسی عظیم کتاب میں بے شمار بشارتیں ہیں جو کہ ایمان والوں کے ساتھ خاص ہیں۔ اللہ پاک ہمیں دنیا و آخرت میں ان بشارتوں میں سے حصہ عطا فرمائے اور ایمان پر زندگی اور ایمان پر موت عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
.jpeg)