*✍️ عبدالماجد نقشبندی عطاری مدنی۔
(ماہنامہ فیضانِ مدینہ،)
اسلام میں جمعۃ المبارک کے دن کو بڑی فضیلت حاصل ہے، یہاں تک کہ قراٰن پاک کی ایک پوری سورت "سورۂ جمعہ" کے نام سے نازل ہوئی ہے، جس میں نمازِ جمعہ کی فرضیت اور دیگر احکام بیان کئے گئے ہیں۔
*جمعۃ المبارک کے چند فضائل ملاحظہ کیجئے:*
*جمعہ غریبوں کا حج ہے:*
*سرکارِ نامدار صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:*
جُمُعہ مساکین کا حج ہے اور دوسری روایت میں ہے کہ جُمُعہ غریبوں کا حج ہے۔
📖 کنزالعمال، 4 / 290، حدیث: 21027 - 21028
*حضرتِ علّامہ عبدالرءوف مناوی علیہ رحمۃ اللّٰہ الکافی فرماتے ہیں:*
جو شخص حج کے لئے جانے سے عاجِز ہو اُس کا جمعہ کے دن مسجد کی طرف جانا حج کی طرح ہے۔
📖 فیض القدیر، 3 / 474
*ستّر گُنا ثواب:*
حکیمُ الْاُمَّت مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃ اللّٰہ المنان کے فرمان کے مطابق، جُمُعہ کو حج ہو تو اُس کا ثواب ستَّر حج کے برابر ہے، جُمُعہ کی ایک نیکی کا ثواب ستّر گنا ہے۔ (چونکہ جمعہ کا شرف بہت زیادہ ہے لہٰذا) جُمُعہ کے روز گناہ کا عذاب بھی ستّر گنا ہے۔
📖 مراٰۃالمناجیح، 2 / 323-325-336
*جمعہ کے دن کی جانے والی چند نیکیاں:*
جمعہ کے دن نمازِ جمعہ سے قبل اور بعد کئی ایسی نیکیاں ہیں جنہیں بجا لا کر ہم ثواب کا عظیم خزانہ حاصل کرسکتے ہیں، نمازِ جمعہ کی تیاری سے متعلق چند نیکیاں ملاحظہ کیجئے:
*(1) ... ناخن تراشئے*
جمعہ کے دن ناخن تراشنا اور مونچھوں کو کتروانا ہمارے آقا صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک عادت تھی۔
📖 شعب الایمان، 3 / 24، حدیث: 2763
جمعہ کے دن ناخن کاٹنا حصولِ شفا کا سبب ہے چنانچہ مروی ہے کہ جو شخص جمعہ کے دن ناخن کاٹتا ہے اللّٰہ تعالیٰ اُس سے بیماری نکال کر شِفا داخل کردیتا ہے۔
📖 مصنف عبدالرزاق، 3 / 93، حدیث: 5325
یاد رکھئے! جمعہ کے دن ناخن تَرَشْوانا مستحب ہے، ہاں اگر زیادہ بڑھ گئے ہوں تو جمعہ کا انتظار نہ کرے کہ ناخن بڑا ہونا اچھا نہیں کیونکہ ناخنوں کا بڑا ہونا تنگیٔ رزق کا سبب ہے۔
📖 بہار شریعت، ج3، ص582
*(2) ... غسل کیجئے، خوشبو لگائیے اور اچھے کپڑے پہنئے:*
*فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے:*
جس نے جمعہ کے دن غسل کیا اور اچھے کپڑے پہنے پھر اگر اُس کے پاس خوشبو تھی تو اسے لگایا، پھر جمعہ کے لئے سکون و وقار کے ساتھ چلا اور کسی کی گردن نہ پھلانگی (اس طرح کہ نہ تو لوگوں کی گردنیں پھلانگے اور نہ ساتھیوں کو چیر کر ان کے درمیان بیٹھے بلکہ جہاں جگہ ملے وہاں بیٹھ جائے) اور نہ کسی کو تکلیف پہنچائی، پھر نماز ادا کی اور امام کے لوٹنے تک انتظار کیا تو اُس کے دو جمعوں کے درمیان کے گناہ بخش دیئے جائیں گے۔
📖 مجمع الزوائد، 2 / 385، حدیث: 3039۔ مراٰۃ المناجیح، 2 / 334
معجمِ اوسط میں ہے کہ نبیِّ پاک صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے لئے جمعہ کے دن پہننے کے لئے مخصوص لباس تھا۔
📖 معجم اوسط، 2 / 352، حدیث: 3516
*(3) ... نیا لباس جمعہ کے دن پہنیں:*
جب کبھی نيا لباس سلوائیں تو جمعہ کے دن سے پہننا شروع کریں کہ نبیِّ کریم صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم عام طور پر نیا لباس جمعہ کے دن زیبِ تن فرمایا کرتے تھے۔
📖 جامع صغیر، ص408، حدیث: 6563
(جمعہ کے روز سورۃ کہف، سورۃ یٰس، سورۃ دخان اور درود شریف کثرت سے پڑھیں۔)
اللّٰہ کریم ہمیں جمعۃ المبارک کا ادب کرنے اور ان نیکیوں کو بجا لانے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلم
.jpeg)